پاکستان کو فساد کی جانب دھکیلنے والے ملک اور اسلام کے دشمن ہیں، ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کواس وقت قومی اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے فساد کی نہیں۔ پاکستان کو امن وسلامتی کی ضرورت ہے انتشار اور بدامنی کی نہیں۔پاکستان کسی سیاسی انتشار اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جو لوگ پاکستان کو فساد کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں وہ پاکستان اور اسلام سے دشمنی کر رہے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی کے تحفظ اور امن و استحکام کیلئے پوری قوم کو مل کر پاکستان کی سا لمیت اور بقاءکیلئے کام کرنا ہوگااور اس کیلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ملکرپاکستان کو انتشار کی جانب دھکیلنے کیلئے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہمیشہ کیلئے خاک میں ملا دے گی۔ پاکستان کو اس وقت سیاسی و معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے اور اس کیلئے تمام سیاسی اکابرین کو عدم برداشت اور انتہا پسندی سے گریز کرتے ہوئے ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے اور کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہئے جو دشمنوں کی چالوں کو تقویت ملے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سیاسی اختلاف سب کا حق ہے لیکن سیاسی مخالفت میں اس قدر آگے نکل جانا اور اخلاقی اقدار کو پس پشت ڈال کر مخالف کی زاتی زندگی اور ان کی فیملی پر کیچڑ اچھالنا کسی صورت قابل قبول عمل نہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے عوام میں مقبول ترین سیاسی پارٹی ہے اور اس نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کبھی بھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے ہمیشہ ملکی سا لمیت اور قومی یکجہتی کی بات کی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے عوام کی خدمت اور اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہے، بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار بلوچستان عوامی پارٹی کے نمائندے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہو کربلوچستان کے کونے کونے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بلدیاتی انتخابات میں بلوچستان کے بہتر مستقبل اور ترقی و خوشحالی کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔


