فاروق ستار کا ایم ڈی کیٹ امتحانات میں بے ضابطگیوں کا الزام

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ میں بدترین کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافیاں کی جا رہی ہیں۔ 2020ءسے ایم ڈی کیٹ میں خرابیوں کا سلسلہ شروع ہوا، امتحانی فیس میں اضافہ کیا گیا جبکہ کراچی کے 12 ہزار طلبہ کے لیے صرف 2 امتحانی مراکز بنائے گئے۔ شدید گرمی میں طلبہ کا ایم ڈی کیٹ امتحان کھلے میدانوں میں لیا گیا، کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافیاں ہو رہی ہیں۔ سندھ کے تمام وسائل پر وڈیروں اور جاگیرداروں کا قبضہ ہے، جبکہ تعلیم اور صحت سے متعلق اداروں پر بھی پیپلز پارٹی قابض ہے۔ کرپشن کی کہانی سب کے سامنے عیاں ہے، سندھ کے شہری علاقوں کے طلبہ کے مستقبل کو تاریک کیا جا رہا ہے۔پیپلز پارٹی کی حکومت میں ایم ڈی کیٹ کا نظام کیسے بدعنوانی سے محفوظ رہ سکتا ہے؟ کراچی کے نوجوانوں پر تعلیمی اداروں کے دروازے بند کیے جا رہے ہیں، 2020ءسے ایم ڈی کیٹ میں خرابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں