گھوٹکی ،مغوی کی بازیابی کیلیے کچے کے علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل
گھوٹکی، تین روز قبل گھوٹکی کے سرحد تھانے کی حدود سے اغواء ہونے والے عثمان کولاچی کی بازیابی کیلیے پولیس کی بھاری نفری بند گاڑیوں میں کچے کے علاقے میں داخل ہوگئی، پولیس کی بھاری نفری نے ایس ایس پی گھوٹکی کی سربراہی میں ناگ واہ پر کیمپ قائم کرکے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی ہے، آپریشن میں چین والی بکتر بند گاڑی استعمال کی جارہی ہے، پولیس نے دعویٰ کیا کہ مغوی کو جلد بحفاظت بازیاب کرالیا جائے گا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق عثمان کولاچی ولد راحب کولاچی نامی کسان بلاک 6میں زمینوں پر پانی لگانے گیا تھا جس کے نہ واپس نہ آنے پر جب ورثاء نے تلاش کیا تو جائے وقوعہ پر مزاحمت کے آثار کے ساتھ خون بھی نظر آیا جس سے عثمان کولاچی کے اغواء کیے جانے کا شبہ ہوا،تاہم مغوی کے اہلخانہ سے تاوان کیلیے اب تک کسی رابطے کی تصدیق نہیں ہوسکی، ذرائع کے مطابق سید مراد علی شاہ کے دورہ سکھر کے موقع پر اصغر علی شاہ نے اپنے مرید عثمان کولاچی کے اغواء سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا تھا جس کے بعد عثمان کولاچی کی بازیابی کیلیے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کچے کے علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔


