محکمہ انڈسٹریز میں بھرتیوں پر میرٹ کی دھجیاں بکھیرنے کا انکشاف

کوئٹہ (انتخاب نیوز) محکمہ انڈسٹریز میں خالی اسامیوں پر بھرتی کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کی دھجیاں بکھیرنے کا انکشاف۔ ایپکا یونٹ کی جانب سے مشیر انڈسٹریز، سیکرٹری انڈسٹریز، ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر کی ملی بھگت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکام بالا کی جانب سے جس طرح سے اہل امیدواروں کے حق پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی ہے وہ صریحاً قواعد اور سروس رولز کی خلاف ورزی ہے۔ حکام کی جانب سے جس طرح سے اہل امیدواروں کو حتمی فہرست سے نکال باہر کیا گیا ہے وہ نہ صرف محکمہ کو تباہی کی جانب دھکیلنے کی دانستہ کوشش ہے بلکہ بھرتی کے اس عمل کیلئے 10مئی کو انٹرویوز کیلئے جو اشتہار اخبارت میں شائع کیا گیا ہے وہ صرف دکھاوے کی حد تک ہے۔ حکام کی ملی بھگت سے پوسٹوں کی بندر بانٹ پہلے ہی ہوچکی ہے جس کا واضح ثبوت چاند رات چھٹی والے دن محکمہ کے نوٹس بورڈ پر حتمی فہرست چسپاں کرنے جیسے شرمناک اقدام سے واضح ہوچکی ہے۔ ایپکا یونٹ اور اہل امیدواروں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی سے اس مبینہ بدعنوانی اور قواعد کی خلاف ورزی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سابق چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا کی سربراہی میں سرکاری محکموں میں بھرتی کے عمل میں شفافیت لانے کیلئے جو کمیٹی قائم کی تھی اس کمیٹی کو بھی بھرتی کے اس عمل میں مکمل نظر انداز کیا گیا ہے ،امیدواروں کی جانب سے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اہل امیدواروں کا نام حتمی فہرست سے نکالنے اور چھٹی والے دن محکمہ کے نوٹس بورڈ پر فہرست شائع کرنے کا نوٹس لیا جائے۔ اگر اس اقرباءپروری کا نوٹس نہیں لیا گیا تو امیدوار عدالت سے رجوع کرنے پر مجبور ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں