نصیر آباد اور جعفرآباد میں طوفانی ہواؤں سے متاثرہ کھمبوں کی مرمت کاکام مکمل،بجلی کی فراہمی بحال

کوئٹہ:کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ترجمان نے کہا ہے کہ نصیرآباد اورجعفر آباد میں شدید طوفانی ہواؤں کی وجہ سے متاثرہ کھمبوں کی مرمت وبحالی کاکام مکمل کرلیاگیاہے اوراب معمول کے مطابق تمام علاقوں کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ ترجمان نے کہاکہ گزشتہ دنوں شدید طوفانی ہواؤں کے باعث نصیر آباد اور جعفر آباد کے علاقوں میں مجموعی طور پر16فیڈروں کے 74 کھمبے گر گئے تھے جن میں ڈیرہ مراد جمالی سب ڈویژن کے 20،جعفر آباد سب ڈویژن کے 5،صحبت پورسب ڈویژن کے5اوراُستہ محمدسب ڈویژن کے44پی سی سی کے کھمبے شامل ہیں۔ترجمان نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (کیسکو)عالم زیب خان نے نصیر آباد اور جعفر آباد میں ایمر جنسی ڈکلیئر کرکے چیف انجینئر (ٹی اینڈ جی)،پراجیکٹ ڈائریکٹر (کنسٹرکشن)اورآپریشن کے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں کی بجلی فوری بحال کرنے کے احکامات صادر فرمائے۔جس پر ایکسیئن (آر ای ڈی تھری)ڈویژن اور آپریشن سٹاف نے عید کی تعطیلات کے باوجود سخت گرمی میں ہنگامی بنیادوں پرنئے کھمبوں کی تنصیب اور بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا اورمختلف علاقوں میں بتدریج نئے کھمبوں کی تنصیب مکمل کر کے متاثرہ فیڈروں سے بجلی کی فراہمی بحال کر دی۔ترجمان نے کہا کہ اتوار 8مئی کی شب تک تمام علاقوں کی بجلی بحالی کا کام مکمل کردیاگیاہے جس کے بعد اُن تمام مذکورہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ تاہم کیسکو نے طوفانی ہواؤں کے باعث بجلی کی فراہمی میں تعطل پرزحمت کیلئے نصیر آباد اور جعفر آباد کے متعلقہ صارفین سے معذرت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں