نواز اور شہباز ملک کے اصل میر جعفر اور میر صادق ہیں، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سارا شریف خاندان ہی جھوٹا ہے، نواز شریف اور شہباز شریف اس ملک کے اصل میر جعفر اور میر صادق ہیں، ان کو شرم آنی چاہیے کہ مدینہ منورہ کے واقعے پر ہمارے خلاف ایف آئی آر کاٹ دیں۔ اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کا جواب کل جلسے میں دوں گا، تم نے امریکا کے ساتھ مل کر سازش کی اور ایک حکومت کو گرایا، میرے جانے اور ان کے آنے کی سب سے زیادہ خوشی بھارت کو ہوئی ہے، ڈونلڈ لوجیسا انڈر سیکرٹری حکم کر رہا ہے کہ اپنے پرائم منسٹر کو ہٹاو¿، ہم خود ٹشوپیپر کی طرح استعمال ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ساری باتیں پہلے سے کہہ رہا ہوں، عوام غیرت مند ہیں، دلیر ہیں، کرپٹ اور بزدل اس قوم کے اوپر بیٹھے ہیں، مجھے بتائیں کس ملک کا وزیراعظم لندن کے سب سے مہنگے علاقے میں رہ رہا ہو۔ یہ ملک میں لوٹنے کے لیے آتے ہیں، یہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، پہلے انہوں نے مشرف سے این آر او لیا، ان لوگوں نے ملک کو اس حال پر پہنچایا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مشکل وقت تو پی ٹی آئی کی حکومت کو ملا تھا، 20 ارب ڈالرکا بیرونی خسارہ چھوڑ کرگئے تھے، ہم سب سے زیادہ ڈالر لے کر آئے، ایکسپورٹس بڑھائیں، ملک میں پانچ بڑی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، ہمارے دور میں سب سے کم بے روزگاری ہوئی، کورونا کی وجہ سے ساری دنیا متاثر ہوئی، ہم نے کورونا میں معیشت کو بھی بچایا اور لوگوں کو بھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تم نے ڈونلڈ لو کےساتھ مل کر سازش کی اور ایک حکومت کو گرایا، آئی ایم ایف کی رپورٹ تھی کہ پاکستان پائیدار ترقی کی جانب نکل پڑا ہے۔ سارے پاکستان کے کرمنل پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے، میری کوئی باہر جائیدادیں نہیں، میں سیاست نہیں کر رہا، میں ان کیخلاف جہاد کررہا ہوں، میرے جانے اور ان کے آنے پر بھارت میں خوشیاں منائی گئیں۔ اپنے اوپر مقدمات پر بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم کبھی اپنے ملک کو نقصان نہیں پہنچائیں گے، ان کو شرم آنی چاہیے کہ ہمارے خلاف ایف آئی آر کاٹ دیں، شہباز شریف نے سب سے زیادہ پولیس مقابلے میں لوگ مروائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم صرف ایک چیز چاہتے ہیں ، الیکشن، میں 20 تاریخ کے بعد کال دوں گا، جو اسلام آباد نہیں آسکتا، اپنے علاقے میں نکلے، یہاں آکرکیا کریں گے، وہ میں آپ کو بتاو¿ں گا۔ انہوں نے پلان کیا ہوا ہے عمران خان کو پکڑ لیں گے، یہ جو بھی پلان کریں گے اپنا نقصان کریں گے۔


