چوروں کے خاتمے کی تحریک میں وکلا کی ضرورت ہے، عمران خان

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں کو دفن کرنے کے لیے شروع ہونے والی تحریک میں وکلا کی ضرورت ہے۔ لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کوئی تحریک اس وقت تک کامیاب نہیں ہوئی جب تک وکلا اس میں شامل نہیں ہوئے، تحریک پاکستان وکلا نے کامیاب کی، علامہ اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح وکیل تھے، آزاد عدلیہ کی تحریک جس کے لیے میں جیل بھی گیا، اس تحریک کو بھی وکیلوں نے کامیاب کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے میں آج سب وکیلوں کو دعوت دے رہا ہوں کہ آپ سب نے میرے ساتھ اس تحریک میں شامل ہونا ہے، امریکی سازش کے تحت رجیم چینج کرکے چوروں، لٹیروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، ہم سب اس کو مسترد کرتے ہیں، غلامی نامنظور کرتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام وکلا نے میرے ساتھ مل کر اپنے لیے، میرے لیے نہیں، اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے اس ملک کو ایک آزاد، خودمختار ملک اور غیرت مند قوم بنانا ہے اور اس کے لیے میں آپ سب کو اسلام آباد آنے کی دعوت دے رہا ہوں۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز ملتان میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں آپ سب نے شرکت کرنی ہے، میں وہاں آپ سب کو دیکھنا چاہتا ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ ہم اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کرنے جار ہے ہیں مگر ہم پر مسلط کیے گئے لوگ پوری کوشش کریں گے کہ ہمیں روکیں، ہر حربہ استعمال کریں گے ہمیں روکنے کے لیے، اس لیے ہمیں آپ لوگوں کی ضرروت ہے، مجھے اپنے وکیلوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کے خلاف ایک بڑی واردات ہوئی ہے کہ ایف آئی اے جس نے شہباز شریف اور اس کے بیٹے حمزہ شہباز پر 24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیسز کیے تھے، اس کے اوپر آ کر بیٹھ جائے، اپنے اوپر بنائے کیسز کو ختم کرے اور اس ساری تفتیشی ٹیم کو گھر بھیج دے، پوری ٹیم کو فارغ کر دے جس نے اپنے ملک کیلیے ان کے خلاف یہ کیسز کیے تھے، اپنے خلاف بنائے گئے کیسز کو ختم کرکے اپنے ڈاکے کو این آر او دلائے، دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں اتنی بڑی واردات نہیں ہوسکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں