ہوشاپ خاتون نورجہان کی درخواست ضمانت کا فیصلہ آج سنایا جائیگا،دھرنا جاری

تربت (نمائندہ انتخاب) انسداد دہشت گردی عدالت تربت نے ہوشاپ سے زیرحراست خاتون نورجان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، ہفتہ کے روز فیصلہ سنایا جائے گا، 16مئی کو علی الصبح ہوشاپ کے علاقہ سے سی ٹی ڈی نے نورجان زوجہ فضل کو حراست میں لیکر 17مئی کو ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیاگیا جس پر انہیں 7روزہ ریمانڈ پر سی ٹی ڈی تھانہ میں رکھ کر میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاگیا، جمعہ کے روز زیرحراست خاتون نورجان کی طرف سنیئر وکیل، سابق ایڈووکیٹ جنرل ناظم الدین ایڈووکیٹ اورکیچ بارکے سابق صدر جاڑین دشتی ایڈووکیٹ پرمشتمل پینل نے اے ٹی سی کورٹ میں پیش ہوکر دلائل دئیے اور خاتون کی ضمانت کی درخواست جمع کرائی، اے ٹی سی کورٹ تربت کے جج نے بحث مکمل ہونے کے بعد فیصلہ کل ہفتہ تک کیلئے محفوظ کرلیا۔تربت (نمائندہ انتخاب) ہوشاپ، سی پیک شاہراہ پر خاتون نورجان کی گرفتاری کے خلاف دھرنا 5ویں روزبھی جاری رہا، مسلسل پانچ دنوں سے دھرنا اور شاہراہ بلاک ہونے سے سینکڑوں گاڑیاں کئی دنوں سے دونوں اطراف سے پھنسی ہوئی ہیں، 16مئی کی صبح کو ہوشاپ کے مقام پر خاتون نورجان کی بازیابی کیلئے احتجاجی دھرنا شروع کیاگیا جو 20مئی بروزجمعہ کو پانچویں روزبھی جاری رہا، شاہراہ بلاک ہونے کی وجہ سے تربت پنجگور، آواران،کوئٹہ ٹریفک معطل ہے اور گزشتہ5دنوں سے سینکڑوں گاڑیاں دونوں اطراف میں پھنسی ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں