نقل کے مرتکب طلباءو طالبات کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا، آصف لانگو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ڈپٹی کنٹرولر بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد آصف لانگو نے کہا ہے کہ تعلیم کی بہتری اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے اور نقل کی حوصلہ شکنی کرنے کےلئے بلوچستان کے تمام علاقوں میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ اور جائزہ لینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مستونگ، قلات اور خالق آباد منگوچر کے اسکولوں اور کالجز میں امتحانی مراکز کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی کنٹرولر محمد آصف لانگو اور جنید جمالی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی عملہ ایمانداری اور اخلاص کے ساتھ اپنی فرائض سر انجام دیں۔اس موقع پر محمد آصف لانگو اور جنید جمالی نے قلات کے امتحانی مراکز کو دورہ کیا جن میںگورنمنٹ بوائز ڈگری کالج مستونگ، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مستونگ، کیڈٹ کالج مستونگ، شہید اورنگزیب انٹر کالج منگوچڑ، گورنمنٹ بوائز کالج قلات، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج قلات اور ماڈل ہائی سکول قلات شامل ہیں۔ ڈپٹی کنٹرولر محمد آصف لانگو نے کہا کہ نقل کے مرتکب طلباءو طالبات کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے جن میں بعض ایسے طلباءشامل ہیں جو کہ دوسروں کی جگہ بیٹھے امتحان دے رہے تھے انہوں نے کہا کہ ایسے امیدواروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔  محمد آصف لانگو نے مزید کہا کہ ضلع خضدار کی عوام، اساتذہ، طلباءاور بالخصوص سیاسی و سماجی حلقوں نے نقل کے روک تھام کے اس فیصلے کی بھرپور حمایت، تائید اور تعریف کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں