صرف چند سو افراد گھروں سے نکلے،بلوچستان میں تو کسی کو لانگ مارچ کا معلوم ہی نہیں،رانا ثناء

اسلام آباد :وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے لانگ مارچ کے نام پر فتنہ مارچ شروع کرنے کا دعویٰ کیا تھا، پہلے 20 لاکھ لوگوں کے عوامی سیلاب کے اسلام آباد کی طرف بڑھنے کا اعلان کیا، پھر 30 لاکھ تک اعلان ہوا، پنجاب میں تین مقامات پر راوی برج کے پاس بتی چوک پر دو سو سے اڑھائی سو افراد پر مشتمل پی ٹی آئی کا قافلہ موجود تھا،وہاں پر لیڈران نے خودساختہ خبریں چلوا دیں کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے،پنجاب مکمل طور پر پرامن اور پرسکون ہے، فتنہ و فساد مارچ کا حصہ نہ بننے پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں چالیس سے پچاس لوگ ایک آدھ بار سامنے آئے، اس کے بعد واپس چلے گئے۔بلوچستان کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں، بلوچستان میں کسی کو معلوم ہی نہیں کہ کوئی فتنہ فساد مارچ ہو رہا ہے۔سندھ کی صورتحال بھی پرامن ہے۔ہمیں بھی افسوس ہو رہا ہے کہ ہم نے ان کے جھوٹ پر اتنے بڑے انتظامات کئے، اگر یہی کچھ ہونا تھا تو ہمیں اتنے انتظامات کرنے کی ضرورت نہیں تھی،ہم نے میٹرو بند کی، بچوں کے امتحانات ملتوی کئے، لوگوں کو سفر میں مشکلات پیش آئیں،میں اپنی اور حکومت کی طرف سے ان لوگوں سے معذرت خواہوں جنہیں اس صورتحال میں دقت برداشت کرنا پڑی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں