بلوچستان ہائیکورٹ کا نجی تعلیمی اداروں کو 80فیصد فیس کا آدھا فیس وصول کرنے کی ہدایت

کوئٹہ:بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس نذیراحمد لانگو پرمشتمل بینچ نے نجی تعلیمی اداروں کو حکم دیاہے کہ وہ حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن کے ذریعے کم کئے گئے 20فیصد فیس کے علاوہ دیگر80فیصد فیس کاآدھا فیس وصول کرنے کیلئے والدین کو فیس سلپ کااجراء کریں جب تک معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے تب تک کسی بھی بچے کانام سکول اور ای لرننگ سے خارج نہیں کیا جاسکتا۔گزشتہ روز رضوان الدین کاسی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت شروع ہوئی تو بعض پرائیویٹ سکولز کے وکلاء کی جانب سے کاؤنٹرایفیڈویٹ اور دیگر دستاویزات عدالت میں پیش کئے گئے جنہیں ریکارڈ کاحصہ بنایاگیا سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل نے بینچ کوبتایاکہ حکومت بلوچستان نے پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ رجسٹریشن اور ریگولیشن اتھارٹی ایکٹ2015ء کے تحت ایک نوٹیفکیشن جاری کیاہے جس میں تمام پرائیویٹ سکولز کو فیسوں میں 20فیصد کمی کاپابند کیاگیاہے سماعت کے دوران بعض سکولوں کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ انہوں نے حکومتی نوٹیفکیشن پرعملدرآمد شروع کیاہے لیکن اس کے باوجود بھی طلباء نے باقی 80فیصد فیس جمع نہیں کی،ایک نجی سکول کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیاگیاکہ وہ اس سلسلے میں اپنے موکل سے بات کرینگے اس موقع پر عدالت کوبتایاگیاکہ گزشتہ سماعت کے موقع پرعدالت کے دئیے گئے احکامات پرپرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے انہیں چالان اور فیس سلپ جاری نہیں کیا گیا اس موقع پر عدالت کے ججز نے کہاکہ ہم نے 22اپریل کو پرائیویٹ سکولز کو 50فیصد فیس وصولی کیلئے والدین کو سلپ کے اجراء کی ہدایت کی تھی اس دوران حکومت نے فیسوں میں 20فیصد کمی کانوٹیفکیشن جاری کیا اب بقایا رقم کے 50فیصد فیس کیلئے سکولز والدین کو فیس سلپ جاری کریں اور والدین 15روز میں 80فیصد کا آدھا یعنی 50فیصد فیس جمع کریں،بقایا 50فیصد رقم کیلئے ایڈووکیٹ جنرل حکومت سے والدین کیلئے سبسڈی پلان سے متعلق بات کریں نجی تعلیمی ادارے اگلی سماعت تک بقایا فیس کا مطالبہ نہیں کرسکتے،ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ پرائیویٹ سکولز کی جانب سے بعض طلباء کے نام ای لرننگ سے خارج کردئیے گئے ہیں جب تک فیسوں سے متعلق معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے یااس پر کوئی فیصلہ دیاجاتا ہے اس وقت تک کسی بھی طالب علم کے نام کوفیس کی عدم ادائیگی پرخارج نہیں کیاجاسکتا،تعلیمی ادارے بشمول کیتھولک بورڈ کے انتظامیہ اور والدین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ22اپریل اور آج کے حکم کی تعمیل کریں عدالت نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور سی ای او کوئٹہ کینٹ کو ہدایت کی کہ وہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائیں۔بعدازاں سماعت کو 10روزہ کیلئے ملتوی کردیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں