غریب ہیں، ہر پیشی پر نہیں آسکتے، کیس ختم کردیا جائے، لاپتا بچے کی والدہ کی عدالت میں فریاد

کراچی (انتخاب نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے 8 سالہ بچے کی گمشدگی کی درخواست اہلخانہ کی استدعا پر خارج کردی۔ سندھ ہائیکورٹ میں 8 سالہ بچہ سمیت دیگر شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ لاپتا بچے ظہیر علی کی والدہ نے عدالت کو بتایا کہ حیدرآباد سے کراچی گھومنے کیلئے آئے تھے اور بیٹا لاپتا ہوا ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پولیس اور وکیل کی جانب سے تعاون کیا جارہا ہے لیکن تاحال بچے کا کوئی سراغ نہیں ملا، ملنا ہوگا بیٹا مل جائے گا، شوہر مزدور ہیں، مزدوری کرکے گھر کے اخراجات بڑی مشکل سے پورا کر پا رہے ہیں، ہر پیشی پر حیدرآباد سے کراچی نہیں آسکتے کیس ختم کردیا جائے، سب اللہ پر چھوڑ رہی ہوں۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کہا کہ آپ آنے کی تکلیف نہ کریں تو بھی کیس چلتا رہے گا، ہم آپ کے بچے کو بازیاب کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔ پولیس نے لاپتا افراد سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ الفلاح پولیس اسٹیشن کی حدود سے لاپتا عبدان خلیل اور عبداللہ پولیس کو مطلوب تھے، دونوں شہری مختلف مقدمات میں گرفتار ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ دیگر شہریوں کی بازیابی کیلئے کارروائی جاری رکھی جائے۔ عدالت نے مزید درخواستوں کی سماعت 4 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں