بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدوار بدستور سرفہرست

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے 32اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری آزاد امیدوار بدستور سرفہرست، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے 32اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے آنے کا سلسلہ پیر کو بھی جار ی رہا پیر کے روز موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 1882نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ جمعیت علماء اسلام 469، بلوچستان عوامی پارٹی 303، نیشنل پارٹی 145، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی 135، پاکستان پیپلز پارٹی 130، بلوچستان نیشنل پارٹی102، پی ٹی آئی 71، بی این پی عوامی 68، عوامی نیشنل پارٹی 43، مسلم لیگ (ن) 20، جمہوری وطن پارٹی19، جماعت اسلامی 16نشستوں پر کامیاب ہو ئی ہے نتائج کے مطابق 1584امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف علاقائی اتحاد نے بھی متعدد نشستیں حاصل کی ہیں جن میں گوادر میں حق دو تحریک سرفہرست ہے جس نے کم و بیش 52نشستیں حاصل کی ہیں تاہم ایک ہزار سے زائد حلقوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج تاحال موصول نہیں ہوئے الیکشن کمیشن حکام نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ فی الحال انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول ہونے والے نتائج کو دوبارہ بھی چیک کیا جارہا ہے جبکہ حتمی نتائج کا اعلان آئندہ دو روز میں متوقع ہے واضح رہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 32اضلاع کی 7میونسپل کارپوریشنز، 838یونین کونسلز، 5345دیہی، 914شہری وارڈز سمیت کل 4456حلقوں میں انتخابات منعقد ہوئے جبکہ 1584امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں