کروناسے لڑنے والے ڈاکٹرز ہمارے قومی ہیرو ہیں، پیکج دیا جائے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کرونا جیسی وبا سے لڑنے والے ڈاکٹرز ہمارے قومی ہیرو ہیں جو اس جنگ میں بہت بہادری کے ساتھ لڑ رہے ہیں، میں نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ جس طرح دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے بہادر سپاہیوں کے لئے پیکج دیا گیا تھا، اسی طرز کا خصوصی پیکج ان کو بھی دیا جائے، جس کا اعلان جلد کردیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاس کراچی میں ملک بھر سے پیپلز ڈاکٹرز فورم کے رہنماں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ویڈیو لنک کے زریعے ہونے والے اجلاس میں ڈاکٹر کریم خواجہ، پنجاب کے صدر ڈاکٹرخیام حفیظ، ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈاکٹر ارسلان دیوان، سندھ کے صدر ڈاکٹر رزاق شیخ، ڈاکٹر یار علی جمالی، کے پی کے صدر ڈاکٹر نثار احمد خان، ڈاکٹر داد اقبال، ڈاکٹر عاشق حسین شاہ اور افضل ابڑو کے علاوہ دیگر نیشرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے اکنامک بیل آٹ پیکج نہ آنے سے لاک ڈان میں نرمی ہوئی اور وبا پھیلی، پوری دنیا میں وفاقی حکومتوں نے ریلیف پیکیج دئیے ہیں، ہماری وفاقی حکومت نے شہید بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے، ہم صرف سندھ کو نہیں بلکہ تمام صوبوں کو ریلیف پیکج دینے کی بات کرتے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ مدد کرنے کے بجائے ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، سندھ میں وفاق کا نمائندہ سندھ حکومت کے عوام کو دئیے گئے ریلیف پیکج آرڈیننس پر دستخط ہی نہیں کررہے ہیں، اس پیکج کے تحت صوبے کے عوام کو ملازمتوں اور تنخواہوں کا تحفظ، یوٹیلٹی بلز میں چھوٹ، اسکول فیسوں کی مد میں ریلیف اور گھروں کے کرایے میں چھوٹ شامل ہے جبکہ سندھ حکومت اس آرڈیننس کے زریعے تمام صوبائی ٹیکسز میں بھی صوبے کے عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ لاک ڈان ختم ہو مگر اس سے پہلے ہمیں لوگوں کی جان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا ٹیسٹ کٹس وافر مقدار میں صوبوں کو دینا ہوں گی اور اسپتالوں میں سہولیات میں بھی اضافہ کرنا ہوگا، طبی سہولیات پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پی کے میں بھی کچھ نہیں کررہی، جہاں کے عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا، ہم کہتے ہیں صرف سندھ ہی نہیں وفاق تمام صوبوں کی مدد کرے، اس وقت صوبوں کو اس کی ضرورت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاق اور تمام صوبوں کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ سندھ کے بروقت اقدامات نے اس وبا کو پھیلنے نہیں دیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز ڈاکٹرز فورم کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو کرونا جیسی وبا سے محفوظ رہنے اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنے کی عوامی مہم کو مزید تیز کریں۔ اس سے قبل اجلاس میں پارٹی چیئرمین کو ملک میں طبی سہولیات کے بارے میں بتایا گیا، کے پی کے سے ڈاکٹر داد اقبال کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ اموات کے پی کے میں ہوئی ہیں اور سب سے زیادہ ڈاکٹرز بھی یہیں پر متاثر ہوئے ہیں، جس کی وجہ حفاظتی آلات کی عدم فراہمی ہے، کرونا سے لڑتے ہوئے جن ڈاکٹرز نے جان کا نذرانہ دیا، کے پی کے حکومت کے کسی بھی نمائندے نے ان کی فیملی سے رابطہ نہیں کیا، جس سے ڈاکٹرز نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا مورال بری طرح سے متاثر ہوا ہے، کے پی کے میں ٹیسٹ کی سہولیات بھی بہت کم ہیں۔ پنجاب سے ڈاکٹر ارسلان دیوان نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ پنجاب کے ایکسپو سینٹر میں قائم کرونا سینٹر میں آکسیجن تک کی سہولیات موجود نہیں ہیں، پانی کی عدم دستیابی پر بھی مریض احتجاج کررہے ہیں۔


