عالمی سازش کے تحت پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف جھونکا جارہا ہے،شیخ رشید
راولپنڈی (انتخاب نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سازش کے تحت خانہ جنگی کی طرف جھونکا جارہا ہے۔زرداری ایک ٹی وی انٹرویو میں خود تسلیم کر چکا ہے کہ جو بائیڈن اس کا ذاتی دوست ہے اور مراسلے کے بارے میں جو بائیڈن نے مجھے (زرداری)کو کچھ نہیں بتایا۔ نوازشریف و شہباز شریف عوام کو مہنگائی کی چکی میں ڈال رہے ہیںجس سے بے روزگاری بڑھے گی۔ ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ چوری وڈاکے عام ہوں گے، خودکشیاں ہوں گی، اس سے ملک میں امن وامان اور سیاسی خلفشار ، خانہ جنگی کے حالات پیدا ہوں گے۔عمران خان 30فیصد کم نرخ پر روس سے گیس، گندم اور پٹرول لے رہے تھے جو آج 30فیصد رعایت پر سے بھارت لے رہا ہے لیکن سامراجی طاقتوں کے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کرکے روس کے ساتھ اس منصوبے کو ناکام بنادیا اور اپنے سامراجی آلہ کار ایجنٹوں کو اقتدار میں لے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25مئی کو اسلام آباد کے جلوس پر ہونے والے پولیس کے تشدد کا سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے۔ انہوںنے کہا کہ یہ بہت خطرناک بات ہے کہ اجرتی قاتل رانا ثناءاللہ ملک میں صوبوں اور مرکز کو لڑانا چاہتا ہے اور صوبائی وزراءاعلیٰ کو مرکزی دارالحکومت اسلام آباد میں داخلے سے روکا جارہاہے۔ انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ ہی ان قوتوں کو بے نقاب کر سکتی ہے جنہوں نے ملک کو اس انتشار، خلشار اور معاشی بحران میں ڈالا۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے پیچھے کون ہے؟کیا مقاصد ہیں؟اور بھارت سے تجارت کس کے کہنے پر کشمیریوں کے خود سے غداری کر کے شروع کی جارہی ہے۔ چین اور ایران سے تعلقات کون خراب کررہا ہے؟پاکستان کو دوسرا یوکرین بنانے کی سازش ہو رہی ہے؟ پاکستان ایک اسلامک نیوکلیئر پاور ہے اس کی معیشت کو اس لئے تباہ کیا جارہا ہے کہ ہمارے نیو کلیئر پاور پر آنےو الے دنوں میں دباﺅ بڑھایا جائے جس کے پیچھے اسرائیلی اور ہندوستانی لابی نے اپنا کام شروع کردیا اور سامراجی طاقتوں کی انہیں سپورٹ حاصل ہے۔


