سابقہ حکومت کے بین الاقوامی معاہدوں سے مہنگائی کا طوفان آیا، مولانا واسع
اسلام آباد (انتخاب نیوز) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سینئر نائب امیر و سیکرٹری جنرل متحدہ مجلس عمل بلوچستان مولانا علی محمد ابوتراب نے جمعہ کو وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کی، ملا قات میں انہیں وفاقی وزیر بننے اور بلوچستان کے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پی ڈی ایم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی، مولانا ابوتراب نے صوبہ بلوچستان کے سیاسی صورتحال پر مولانا عبدالواسع سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ پی ڈی ایم کا روز اول سے یہ وعدہ رہا کہ ہم نے ملک و قوم کی خدمت کرنی ہے اور یہ ہمارا شعار ہے۔ کوشش کرنا چاہیے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالاجائے خاص کر صوبے کے حوالے سے جوترقیاتی منصوبے نامکمل ہیں اس کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں، اللہ تعالی نے پی ڈی ایم کو یہ موقع دیا کہ پی ڈی ایم اپنے آپ کو سابقہ حکومت سے بہتر اور عمدہ ثابت کرکے دکھائے باوجود اس کے کہ سابقہ حکومت کی نا اہلی کرپشن وکمیشن کی وجہ سے ملک اقتصادی ومعاشی طور پر بڑے بحران سے دوچار ہے، سابقہ حکومت نے غیرملکی اداروں خاص کر IMF کے ساتھ جو معاہدے کیے تھے اس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان سر پر آن کھڑا ہے غریب عوام رل رہے ہیں، بیروز گاری اور کمر تھوڑ مہنگائی حکومت کیلئے بڑے چیلنج ہیں جس پر قابو پانا نہایت ضروری ہے۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی بھی موجود تھے۔


