نیشنل پارٹی کا مقصد ایوانوں میں بیٹھنا نہیں بلکہ عوام و بلوچستان کے مسائل کا حل ہے،جان محمد بلیدی

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بننا یا اقتدار حاصل کرنا نیشنل پارٹی کا مقصد نہیں بلکہ بلوچستان کے دیرینہ مسائل کا پائیدار حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بلوچستان کے آئندہ وزیراعلیٰ بننے والے ہیں، تاہم ایسی قیاس آرائیوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ نیشنل پارٹی ایک نظریاتی اور اصولی جماعت ہے، جس کی سیاست کا محور اقتدار، وزارتِ اعلیٰ یا ایوانوں میں بیٹھنا نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا تحفظ اور بلوچستان کے مسائل کا حل ہے۔ موجودہ حالات میں ہماری سب سے بڑی ترجیح بلوچستان کے مسئلے کا سیاسی اور پائیدار حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جس انداز سے اس وقت بلوچستان کے معاملات کو سنبھالا جا رہا ہے، اس سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ اور سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے زور دیا کہ وزیراعلیٰ کوئی بھی ہو، اگر پالیسیوں اور طرزِ عمل میں تبدیلی نہ آئی تو بلوچستان کا مسئلہ مزید بگڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اقتدار کی سیاست کے بجائے بلوچستان میں امن، استحکام اور دیرپا سیاسی حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں