کوہلو ،تنگہ واٹر سپلائی پائپ لائن نامعلوم افراد کی جانب سے کاٹ دی گئی ،عوامی حلقے

کوہلو (نمائندہ خصوصی)بلوچستان کے ضلع کوہلو میں تنگہ واٹر سپلائی اسکیم کی پائپ لائن مختلف مقامات پر نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طور پر کاٹ دی گئی، جس کے باعث کروڑوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا منصوبہ متاثر ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق کوہلو شہر اور گردونواح کے علاقوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 2016 میں 14 کروڑ روپے کی لاگت سے تنگہ واٹر سپلائی اسکیم شروع کی گئی تھی، جبکہ 2026 میں مزید 10 کروڑ روپے خرچ کرکے منصوبے کو مکمل کیا گیا۔ تاہم، مبینہ طور پر نامعلوم افراد نے مختلف مقامات پر پائپ لائن کو نقصان پہنچایا، جس کے باعث منصوبہ متاثر ہو گیا اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔عوامی حلقوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبے کا اس طرح متاثر ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی حفاظت کے لیے مو¿ثر اقدامات نہ ہونے کے باعث قومی سرمایہ ضائع ہو رہا ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تنگہ واٹر سپلائی اسکیم کی متاثرہ پائپ لائنوں کی فوری مرمت کرائی جائے، منصوبے کی حفاظت کے لیے مناسب سکیورٹی کا انتظام کیا جائے اور کوہلو شہر و گردونواح کے عوام کو بلا تعطل پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں