نیشنل پارٹی نے ہمیشہ طاقت کے استعمال کی مخالفت کی ہے ،مرکزی ترجمان
کوئٹہ (انتخاب نیوز)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کی جانب سے نیشنل پارٹی کے لیڈرشپ کی اسلام آباد میں ہونے والے سیاسی ملاقاتوں کے حوالے سے کنفیوژن اور گمراہ کن تاثر پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے نیشنل پارٹی کے حوالے سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ نیشنل پارٹی بلوچستان میں طاقت کے استعمال (آپریشن) کی حمایت کررہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی اس طرح کے منفی وبے بنیاد پروپیگنڈے کی سختی سے تردید کرتا ہے۔ بیان میں کہا کہ نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت نے اسلام آباد میں صاحبِ اقتدار جماعت کی قیادت سے ملاقات میں واضع کردیا تھا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان میں طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کا مسلہ سیاسی ہے اور اس کا حل صرف سیاسی مکالمے جمہوری عمل اصلاحات اور مثبت اقدامات میں ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور صوبے میں پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہو۔


