300یونٹ استعمال کرنے والے صارف کا بل 13ہزار روپے تک آئے گا
اسلام آباد : بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات سامنے آ گئی۔ فی یونٹ بجلی کی قیمت کم سے کم 24 اور زیادہ سے زیادہ 37 روپے تک ہو گئی۔ بجلی صارفین کیلئے دس سلیب متعارف کر دیے گئے ہیں اورہر سلیب کے نرخ مختلف مقرر کیے گئے ہیں لائف لائن صارفین کا ٹیرف پانچ سے پندرہ روپے سینتیس پیسے تک فی یونٹ کر دیا گیا۔ لائف لائن صارفین کو دوہزار سات سو سولہ روپے تک چارج کیا جائے گا۔ تین سو یونٹ استعمال کرنے والے صارف کا بل بارہ ہزار تین سو انسٹھ روپے تک ہو گا۔ چار سو یونٹ استعمال کرنے والے صارف کو سترہ ہزار چار سو روپے تک بل آنے کا امکان ہے۔ پانچ سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے اکیس ہزار سات سو پینتالیس روپے بل وصول کیا جائے گا۔ چھ سو یونٹ والے صارف کا بل چھبیس ہزار سات سو نواسی روپے تک آنے کا امکان ہے۔ سات سو یونٹ استعمال کرنے پر بجلی کا بل بتیس ہزار آٹھ سو چھیاسی روپے ہو گا جبکہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ الگ سے بجلی کے بلوں میں شامل ہو گی۔ بجلی کے بلوں پر اس وقت فی یونٹ دو روپے بتیس پیسے ایف سی سرچارج کیا جا رہا ہے۔ ایک روپیہ بتیس پیسے یونٹ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔ پینتیس روپے پی ٹی وی فیس کی مد میں وصول کئے جاتے ہیں۔


