شاہد خاقان نے وزیراعظم کو سیاسی ڈائیلاگ شروع کرنےکا مشورہ دے دیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو سیاسی ڈائیلاگ شروع کرنےکامشورہ دے دیا۔نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ملک کوایک نئے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے جس میں ڈائیلاگ ہوناچاہیے کہ ملک کے معاملات کوکیسے چلائیں گے، سیاسی جماعتیں بیٹھ کر آئین کے مطابق وسیع اصول طے کرلیں، آگے بڑھنے کا راستہ بنائیں کہ سیاسی نظام کیسے چلے گا۔انہوں نے کہا کہ کیا گالی گلوچ اور لوگوں کو حملہ آور ہونے کی شے دینے سے نظام چل جائے گا؟ ہمیں طے کرنا ہے کہ یہ سیاسی نظام ہے، دشمنی نہیں، کوشش توکرنی پڑےگی، یہ صرف سیاسی نظام تک محدود نہیں، آج کی معاشی صورتحال اس طرف جانے پر مجبورکرےگی۔سابق وزیراعظم کاکہنا تھا کہ آج بھی معاشی حالت عقل نہیں دے رہی توپھرمجھے بہت مشکلات نظرآتی ہیں، وزیراعظم کوڈائیلاگ کرناچاہئے کیونکہ سیاست آج منقسم ہے، سب کو دعوت دیں، پورے جذبے اور نیک نیتی کے ساتھ دعوت دیں، ڈائیلاگ میں پارٹی کے لیڈرز بیٹھیں، وہ مشورے کرکے اپنی رائے لے کر آئیں۔(ن) لیگ کے سینئر رہنماءنے مزید کہا کہ جہاں پر ہرطریقے سے حکومت کو کمزور کیا جائے تو یہ انتشار کا راستہ ہے، سیاست کو ملکی مفاد کےلئے استعمال ہونا چاہیے، معاملات کو بگاڑنے میں نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کسی چیز کا حل نہیں مگر اگلے سال الیکشن نہیں ہوئے تو مزید انتشار ہوگا، ہم سب کا فرض ہے کہ اپنی ناک سے آگے اور اپنے سیاسی مفاد سے آگے دیکھیں، جتنی جلدی ہوسکے ڈائیلاگ کا آغاز کرنا چاہئے اور انتظارمت کریں، ہاتھ آگے بڑھائیں۔


