وندر میں گرانفروشوں کا راج، پرائس کنٹرول کمیٹی قیمتوں پر قابو نہ پاسکی
وندر (انتخاب نیوز) وندر میں گرانفروشوں کا راج، ہوٹل مالکان پھل، سبزی گوشت فروش عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے، پرائس کنٹرول کمیٹی وندر قیمتوں پر قابو رکھنے میں ناکام۔ آئے روز اشیائے خورونوش کی خودساختہ قیمتیں بڑھنے لگیں، عوام فاقہ کشی پر مجبور، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے۔ وندر میں گراں فروشوں کا راج برقرار، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے سرکاری نرخ نامے کو یکسر نظر انداز کرکے گراں فروشوں نے اپنے من مانے ریٹ مقرر کر لیے، وندر و گردونواح کے ہوٹل مالکان نے منافع خوری کی حدیں پار کرلیں، تمام کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں ڈبل اضافہ کرلیا، بیشتر دکانوں اور ہوٹلوں میں سرکاری نرخ نامے آویزاں ہی نہیں، جس سے دکانداروں اور ہوٹل مالکان کی چاندی ہوگئی۔ مہنگائی کے اس دور میں ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے گراں فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ وندر کے عوامی حلقوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے حکام عوام کی خدمت کے لیے کوشاں رہیں تاکہ غریب عوام تک سستی اشیا کا حصول ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔


