بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ، بیت المال سمیت تمام گرانٹس کی رقم بڑھا دی گئی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بیت المال سمیت تمام گرانٹس کا حجم 1242 ارب روپے کیا ہے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مالی سال 2023-22ءکے لیے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم 250 ارب سے بڑھا کر 364 ارب روپے مختص کی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال رمضان پیکیج کیلئے 5 ارب روپے کی اضافی رقم رکھی گئی ہے، آئندہ مالی سال بینظیر کفالت کیش ٹرانسفر کےلئے 266 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کا دائرہ ایک کروڑ بچوں تک بڑھایا جائےگا جب کہ آئندہ مالی سال بینظیر تعلیمی وظائف کے لئے 35 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال 10 ہزار نئے طالبعلموں کو بینظیر انڈر گریجویٹ اسکالر شپ دی جائے گی، بینظیر انڈر گریجویٹ اسکالر شپ کیلئے 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ بجٹ میں بینظیر نشوونما پروگرام کیلئے ساڑھے 21 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مستحق افراد کے علاج اور امداد کیلئے پاکستان بیت المال کو 6 ارب روپے دیں گے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیا کی فراہمی کےلئے12ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔


