بیلہ، محکمہ پبلک ہیلتھ کی کارکردگی صفر، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے
بیلہ (انتخاب نیوز) محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کی کارکردگی صفر، محکمے ملازمین ٹھیکیدار کے کام میں لگ گئے، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کی فرائض میں مبینہ غفلت کے سبب شہر اور گردونواح میں پینے پانی کی قلت نے شدت اختیار کرلی ہے، محکمے کے ملازمین نے ٹھیکے پر شہر میں پائپ لائنز کی بچھائی کیلئے کھدائی کا کام تیرہ روپے فی فٹ اٹھا رکھا ہے، محکمانہ کام چھوڑ کر دہاڑیاں لے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شہر میں نئی پائپ لائنز بچھانے کا صوبائی حکومت کے فنڈز سے کیا جارہا ہے شہریوں سے پرانے کنکشنز کی ازسر نو پانچ سو سے ایک ہزار روپے فیس لی جارہی ہے جس کا باقاعدہ کوئی محکمانہ ریکارڈ بھی نہیں، کنکشن فیس لینے والے ملازمین کے حوالے سے ذرائع بتاتے ہیں کہ پرانے واٹر کنکشنز کی یہ فیس ایکسیئن کے حکم پر لی جارہی ہے۔ عوامی حلقوں نے محکمہ پی ایچ ای میں مبینہ بدعنوانیوں کے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کو پینے کے پانی فراہمی بہتر بنائی جائے اور پائپ لائنز کی بچھائی جلد مکمل کی جائے۔


