خاران میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا مسئلہ حل کیا جائے، زمیندار ایکشن کمیٹی
خاران (انتخاب نیوز) بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کی فراہمی کیخلاف زمیندار ایکشن کمیٹی کے صدر ملک منظور احمد نوشیروانی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مبارک علی بادینی، دادی خان حاجی اصغرملنگزئی، محمد علی جانان ملنگزئی ودیگر مختلف فیڈرز سے تعلق رکھنے والے زمینداران نے اپنے آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خاران میں واپڈا احکام زمینداروں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہے ہیں، خاص طور پر واپڈ، پی ڈی ایس کا رویہ ناقابل برداشت ہے جو زمینداروں کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے اپنی بھتہ خوری کو تقویت دے رہے ہیں دریں اثنا زمینداران نے اس موقع پر ایس ڈی او واپڈا کے آفس میں جاکر اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کیا اور موقف اختیار کیا کہ خاران میں بجلی کے بحران سے زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صوبہ بھرمیں مسلسل لوڈشیڈنگ سے فصلات تباہ، زمیندارپریشان، فاقے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو ہم زمینداران سمیت خاران کے گھریلو صارفین اگلے مہینے بل جمع نہیں کریں گے اگر مزید زمینداروں کے ساتھ ناروا سلوک بند نہ ہوا تو ہم آئندہ کے لائحہ عمل میں شدید احتجاج اور کمشنر آفس میں دھرنا، واپڈا کی مکمل تالا بندی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ بلوچستان کے زمینداروں کے ساتھ کیسکوکے ظالمانہ رویہ اور زمینداروں کو فاقہ پر مجبور کرنے کی پالیسوں پرخاموش نہیں رہیں گے۔


