معاشی کارکردگی پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کی ایک دوسرے پر الزام تراشیاں
اسلام آباد (انتخاب نیوز) قومی اسمبلی میں باضابطہ طور پر بجٹ پیش کیے جانے کے دو دن بعد بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کی معاشی کارکردگی اور پاکستان کے غیر ملکی قرضوں کے حوالے سے ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی نیوز پیکیج کی ویڈیو شیئر کی۔ اس ویڈیو کلپ میں شوکت ترین کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس دکھائی گئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے کہ پاکستان بننے سے اب تک کے قرضوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی نے 80 فیصد اضافہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے چار سال میں قرضوں میں 80 فیصد کا نہیں بلکہ 76 فیصد کا اضافہ ہوا۔ مریم اورنگزیب نے ان بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شوکت ترین نے آخر کار اعتراف کرہی لیا کہ عمران نے چار سال کی حکومت میں 20 ہزار ارب روپے کا قرض لیا جو تاریخ پاکستان میں لیے گئے مجموعی قرض کا 76 فیصد ہے، ایسے بہت سے اعتراف ابھی عمران نے کرنے ہیں۔


