روپے کی بے قدری، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 207 پر پہنچ گیا
کراچی (انتخاب نیوز) انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 207 روپے پر پہنچ گئی۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے اور روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 79 پیسے مہنگا ہوکر 207 روپے 25 پیسے کا ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈالر 206 روپے 46 پیسے کی سطح پر بند ہوا تھا۔ رواں کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کی نسبت ڈالر کی قیمت تقریباً 5 روپے بڑھ چکی ہے۔ گزشتہ ہفتے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 202 روپے 35 پیسے تھی۔ ماہرین کے مطابق سیاسی عدم استحکام، آئی ایم ایف سے قرض کی نئی قسط ملنے میں تاخیر اور بڑھتا تجارتی خسارہ، ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجوہات ہیں۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک ڈالرکی قیمت 32 روپے 25 پیسے تک بڑھ چکی ہے۔ جنوری 22 میں ڈالر 175 سے177 روپے میں فروخت ہوا۔ فروری میں ڈالرکی قیمت معمولی کم ہوکر 174 روپے کی سطح پر آئی لیکن پھر مارچ کے اختتام پر ڈالر 177 روپے 47 پیسے پر رہا۔ اپریل میں ڈالر 188 روپے سے تجاوز کرگیا۔ مئی میں ڈالر نے ڈبل سنچری مکمل کی اب جون میں پہلی بار 7 جون کو 202 سے تجاوزکرگیا جبکہ بدھ کے روز ڈالر نئی تاریخی بلندی 206 روپے 46 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔


