بھارت میں فوج میں ملازمت کی نئی اسکیم کیخلاف احتجاج، ٹرینیں نذرآتش
پٹنہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں مشتعل ہجوم نے فوج میں بھرتی کی ایک نئی قلیل مدتی اسکیم کے خلاف احتجاجی ریلیوں کے دوران میں متعدد ٹرینوں کو آگ لگا دی اوران کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مشرقی ریاست بہار میں پولیس نے بے ہنگم ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے اشک آورگیس کے گولے پھینکے۔انھوں نے چارٹرینوں سے سواریوں کو اتارا اور انھیں آگ لگادی۔انھوں نے سرکاری عمارتوں پر دھاوا بولنے کی کوشش کی۔ریاستی دارالحکومت پٹنہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ مظاہرے ابتدائی طور پر پرامن تھے لیکن چند مقامات پر پرتشدد ہو گئے۔ بلوہ پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ سے بچنے کے لیے احتیاط سے کام لیا۔حکام نے مزید نقصان سے بچنے کی کوشش میں قریبا دو درجن مسافرٹرینیں منسوخ کردیں اور ریلوے اسٹیشنوں پر اضافی پولیس تعینات کردی۔واضح رہے کہ بھارت کی مرکزی حکومت نے نوجوان بالغوں کی چارسال کی مدت کے لیے مسلح افواج میں عارضی بھرتی کے منصوبے کا اعلان کیا،یہ فوج میں بھرتی کے روایتی طریق کار کے برعکس ہے کیونکہ غیرکمیشنڈ رینکس کوتاحیات ملازمتیں دی جاتی ہیں اورانھیں پنشن اور دوسری مراعات حاصل ہوتی ہیں۔


