زمینداروں کو گندم کی خریداری مارکیٹ ریٹ پر کی جائے گی، صوبائی وزیر خوراک
تمبو (انتخاب نیوز) صوبائی سیکرٹری خوراک ایاز مندو خیل نے کہا کہ گندم خریداری کو مارکیٹ ریٹ تک لایا جارہا ہے تاکہ زمینداران، کاشتکاران کو ریلیف مل سکے۔ گندم خریداری پراسس میں کچھ دیر لگ گئی، جس سے عام مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئیں تاہم حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے میں اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ مراد جمالی میں نصیرآباد انتظامیہ سمیت زمینداران سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر نصیرآباد ڈویژن عبدالفتح خجک، ڈی آئی جی نصیرآباد پولیس رینج عبدالحئی عامر بلوچ، ڈپٹی کمشنر نصیرآباد اظہر شہزاد، پروجیکٹ ڈائریکٹر فوڈ ظفر بنگلزئی، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی میڈم حدیبیہ جمالی، تحصیلدار ڈیرہ مراد جمالی کامران رئیسانی، تحصیلدار لانڈھی ماما قائم خان بنگلزئی، تحصیلدار منجھو شوریٰ علی گوہر مگسی، نائب تحصیلدار صدورا خان ابڑو، کانونگو غلام قادر سرکل پٹواری غلام رسول بزدار، زمیندار کسان اتحاد نصیرآباد کے نائب صدر میر رانا خان مغیری، زمیندار میر کرم علی عمرانی سمیت دیگر زمینداران، کاشتکاران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں زمیندار کسان اتحاد نصیرآباد کے نائب صدر میر رانا خان مغیری نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سرکاری گندم خریداری نرخ عام مارکیٹ سے کم جبکہ شروع میں زمینداران سے خریداری نہیں کی گئی جس پر صوبائی سیکرٹری فوڈ ایاز مندوخیل نے انہیں یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری پر کچھ سرکاری پراسس کی وجہ سے لیٹ ہوئی تاہم اب زمینداران کاشتکاران کو ریلیف پہنچانے کے لئے عام مارکیٹ نرخ تک خریداری کو یقینی بنایا جائے گا، تمام گندم خریداری مراکز میں زمینداران و کاشتکاران کو گندم کی فروخت کے لئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔


