ارسا کا سکھر کینال کا دورہ، آبی صورتحال بہتر بنانے کے اقدامات پر زور
جعفر آباد (انتخاب نیوز) وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایت پر صوبوں کے مابین آبی تنازعات کو حل کے لئے قائم خصوصی کمیٹی نے ہفتہ کو سکھر کینال ڈسٹری بیوٹری سسٹم کا دورہ کیا، اور بلوچستان کو جانے والی کینالز کا فزیکلی جائزہ لیا کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر چیئرمین، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کی جبکہ بلوچستان سے صوبائی وزیر آبپاشی حاجی محمد خان لہڑی کی سربراہی میں سیکرٹری آبپاشی اور چیف انجینئرز اور ٹیکنیکل افسران نے کمیٹی کو بلوچستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ کمیٹی کے ہمراہ چیئرمین ارسا سید زاہد عباس و ممبران ارسا ایم این اے نوابزادہ خالد خان مگسی سندھ آبپاشی سیکرٹری اور حکام بالا بھی تھے۔ وزیر اعظم اسپیشل کمیٹی نے تمام صوبوں کے مؤقف پر مبنی بیانات بھی قلم بند کئے، دورے کے بعد صوبائی وزیر آبپاشی بلوچستان حاجی محمد خان لہڑی نے بتایا کہ کمیٹی کے سامنے تمام حقائق مدلل طور پر رکھے ہیں جس سے چیئرمین و ممبران ارسا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ تین روز کے اندر بلوچستان کی نہروں میں پانی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آنا شروع ہو جائیگی پٹ فیڈر کینال کا پورا حصہ آب دینے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ کیرتھر کینال میں بھی پانی کی صورتحال بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کا ہر فورم پر دفاع کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے اس ضمن میں بھر پور کردار ادا کیا ہے، جس کی وجہ سے ملک بھر کے دریاوں میں پانی کی سنگین صورتحال کے باوجود پٹ فیڈر اور کیر تھر کینال میں پانی کی کمی کو دور کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ان اقدامات کی بدولت بلوچستان کے کینال سسٹم میں قلت آب کا خاتمہ ہوجائیگا۔


