مزدوروں پر حملے میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، نصیب اللہ مری

کوہلو (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ ہرنائی میں مسلح افراد کی جانب سے نہتے مزدوروں پر حملہ قابل مذمت ہے، جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے چند مٹھی بھر عناصر کو صوبے میں امن وامان اور ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے اس لئے وہ مظلوم مزدوروں پر بزدلانہ حملہ کرکے انہیں نشانہ بنا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر صوبے کے امن وامان کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں جن کے ناپاک عزائم اب سب کے سامنے عیاں ہوچکے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں سے صوبے میں امن وامان قائم ہے۔ دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے صوبے بھر کے عوام یکجا ہیں۔ ان کے نا پاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کے جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں