بلوچستان کے نوجوان تعلیم پر توجہ دے کر صوبے کو خوشحال بنائیں، احسن اقبال
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بلوچستان کے طالب علموں کو تعلیمی شعبے کے منصوبے جلد مکمل کروانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ہفتہ کو بلوچستان کے مختلف اضلاع کے طالب علموں سے وفاقی وزیر نے خصوصی ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر نے بلوچستان کے طلباءکے مسائل سنے، جلد ازالے کی یقین دھانی کرائی ۔قائم مقام چیئرپرسن ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل بھی موجود تھیں۔طلباءنے اعلیٰ معیاری تعلیم سے متعلق مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملکی مالی بحران کے باوجود حکومت ایچ ای سی کا بجٹ 68 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔ احسن اقبال نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار ملک کے 20 غریب ترین اضلاع کی ترقی کےلئے 20 ارب سے ایک منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ احسن اقبال نے کہاکہ حکومت کی اولین ترجیح ان پسماندہ اضلاع میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، ان اضلاع میں تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریات کی فراہمی پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بلوچستان میں بی آئی ایس پی کا دائرہ مزید 500000 گھرانوں تک بڑھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت نے نئے بجٹ میں بلوچستان کے لیے 112 ارب روپے مختص کئے ہیں، بلوچستان کے نوجوان تعلیم پر توجہ دے کر ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان تعلیم سے آراستہ ہو کر صوبے کا امن خراب کرنے والے عناصر کی سازشوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہاکہ طلباءالرٹ رہتے ہوئے ریاست مخالف مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھیں، ملک دشمن عناصر بلوچستان میں پراکسی وار شروع کرنا چاہتے ہیں۔طالب علموں نے ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا عزم کا اظہار کیا ۔


