بلوچستان، سیلابی ریلوں میں بہہ جانے والی 3 لاشیں برآمد، 2 کی تلاش جاری

ہرنائی (انتخاب نیوز) بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے اسپین تنگی میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی بچی اور ایک شخص کی لاشیں مل گئیں۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کی لاش کو تلاش کیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز ہرنائی اور اسپین تنگی سڑئی ریلے میں 4 افراد بہہ گئے تھے، جن میں سے ایک شخص اور بچی کی لاشیں مل گئی ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق ہرنائی میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی خواتین کی تلاش جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دکی ندی میں بہہ جانے والے 2 افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں۔ ہرنائی میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے پہاڑی علاقوں میں مزید سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔ ادھر بلوچستان کے دیگر علاقوں کوہلو، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، شیرانی، موسیٰ خیل، دکی، ہرنائی، ژوب میں بھی بارش اور ژالہ باری جاری ہے۔ بارشوں کی وجہ سے مشرقی بلوچستان کے پہاڑی ندی نالوں میں درمیانی درجے کے سیلابی ریلوں کے باعث ہرنائی، کوہلو، کوہِ سلیمان کی رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ ہرنائی تا پنجاب شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جس کے بعد ہرنائی پنجاب اور سنجاوی شاہراہ آمدورفت کے لیے بند کردی گئی ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق قلعہ سیف اللہ کے علاقے علی خیل میں اولے پڑنے سے گاڑیوں، فصلوں اور سولر سسٹم کو نقصان پہنچا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں