ہنہ اوڑک کی زمینوں اور پہاڑی سلسلے پر ایف سی کے قبضے قابل مذمت ہیں، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں مقامی عوام کے زمینوں اور پہاڑی سلسلوں پر ایف سی کی جانب سے قبضے کی جاری سازشوں اور کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ زرغون غر اور اْن کے ساتھ متعلقہ علاقے مقامی عوام کی ملکیت ہے اور کینٹ کے ایریا کو پینے کا پانی دینے کیلئے ایک ایسا غیر قانونی معاہدہ موجود ہے جس سے اب بھی مقامی عوام قبول کرنے پر تیار نہیں لیکن ایف سی اس عذر کی آڑ میں مقامی قبیلوں کے پہاڑوں اور زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے خلاف ہنہ اوڑک کے عوام کا پرزور احتجاج کئی روز سے جاری ہے اور مقامی عوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ ایف سی کو ہمارے علاقے سے نکال باہر کیا جائے اور ہم خود پانی سمیت اپنے علاقے کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بناتے ہوئے کسی کی غیر قانونی مداخلت برداشت نہیں کرینگے اور اپنے علاقے سمیت کینٹ ایریا کو پانی کی ترسیل جاری رکھ کرتمام ذمہ داری خود نبھائیں گے۔ جبکہ علاقے کے عوام کا اصرار ہے کہ ایف سی نزدیکی علاقوں میں آنے کے بعد اْن علاقو ں کی زمینوں اور پہاڑی سلسلوں پر قابض ہوکر تمام عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ اور اب ہماری زمینوں اور پہاڑوں پر قبضہ کرکے ہمیں یہاں سے بیدخل کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں اور علاقے میں سول انتظامیہ کے اختیارات چھین کر کسی کی بات سننے اور ماننے پر تیار نہیں اور تمام سول انتظامیہ ان کے سامنے بے بس ہیں۔ اور یہ صورتحال کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ پارٹی بیان میں صوبائی وزیر اعلیٰ اور متعلقہ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہنہ اوڑک کے عوام کے جائز مطالبات کو فوری طورپر تسلیم کرتے ہوئے ایف سی کی مقامی آبادی کے علاقوں میں مداخلت کی روک تھام کریں اور ہنہ اوڑک کے عوام کے ساتھ دوسرے علاقوں کے عوام کو احتجاج میں شامل ہونے پر مجبور نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں