سرکاری ٹیوب ویلز فعال، ٹینکرز مافیا سے عوام کی جان چھڑائی جائے، اراکین بلوچستان اسمبلی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ میں پانی کے مسئلے پر صوبائی اسمبلی میں بھی آواز بلند ہو گئی، ایوان میں مطالبہ کیا گیا کہ سرکاری ٹیوب ویلز کو فعال بنا کر عوام کی ٹینکرز مافیا سے جان چھڑائی جائے، کوئٹہ پیکج میں شاہراہوں کے ساتھ فراہمی آطب کا منصوبہ بھی شامل ہونا چاہیے۔ موسم گرما کے دوران کوئٹہ میں پانی کی قلت، ٹینکرز مافیا کا راج اور سرکاری ٹیوب ویلز کی خرابی معمول ہے جس پر آئے روز شہری سراپا احتجاج بھی رہتے ہیں شہر میں عوام کو سرکاری ٹیوب ویلز کے ذریعے پانی پہنچانے کا مطالبہ بلوچستان اسمبلی میں پہنچ گیا۔ اپوزیشن رہنما ملک نصیر شاہوانی کا اسمبلی اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ کوئٹہ کی 80 فیصد آبادی ٹینکرز کے مہنگے ذریعے پر احصار کرتی ہے، حکومت خراب پڑے سرکاری ٹیوب ویلز کو فعال کرنے کے لیے فنڈز جاری کرے۔ بلوچستان اسمبلی میں مطالبہ کیا گیا کہ پانی کا مسئلہ شہر کا اہم ترین مسئلہ ہے، کوئٹہ پیکج میں شاہراہوں کی تعمیر کے ساتھ پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی شامل کیا جائے۔


