کوئٹہ، کوریا کے وفد کا بیوٹمز کا دورہ، باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوریا اور پاکستان کے سفارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہے جو وقت گزرنے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوتے جا رہے ہیں کورین تعلیمی حکمت عملی اور جامعات کے تجربات سے استفادہ کر کے بلوچستان میں جدید طرزعلوم اور تحقیق کے شعبہ جات میں مدد حاصل ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے انٹرنیشنل انٹر چینج ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کوریا کے وفد کے دورہ بیوٹمز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انٹرنیشنل انٹر چینج ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کوریا کے وفد کی قیادت ڈاکٹر یونگ جَو مُن نے کی جبکہ ان کے ہمراہ کورین وفد کے دیگر افسران شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یونگ جَو مُن نے کہا کہ پاکستان اور کوریا قریبی اور دستانہ تعلقات استوار قائم کیے ہوئے ہیں جس میں تعلیم معاشی و معاشرتی تعاون نمایاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک عام تاثر یہ ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے حالات کشیدہ ہے اور جب بھی کوریا یا دیگر ممالک کے لوگ بلوچستان یا پاکستان کے متعلق انٹر نیٹ پر موجود معلومات حاصل کرتے ہیں تو یہ معلومات زیادہ تسلی بخش نہیں ہوتی یہاں آکر میں نے اس تاثر کو مکمل غلط پایابلوچستان میں تعلیمی اور دیگر شعبہ جات میں تسلی بخش کام ہو رہا ہے جس پر کوریا بھر پور توجہ اور توانائیاں مرکوز رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے کورین وفد کے بیوٹمز پہنچنے پروائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے وفد کو بیوٹمز کے متعلق جامع بریفینگ دی،وفد نے بیوٹمز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جبکہ طلباء، اساتذہ اور بیوٹمز کے دیگر عہدے داران سے ملاقات کی۔وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوریا کی مختلف جامعات سے بیوٹمز کے متعدداساتذہ اعلی تعلیم کے حصول کے بعد بلوچستان میں تعلیمی خدمات سر انجام دے رہے ہیں تعلیم سمیت دیگر شعبہ جات میں کوریا کی معاونت سے بلوچستان اور پاکستان میں تعلیم صحت تحقیق اور توانائی سمیت مختلف شعبہ جات میں کام کیا جا سکتا ہے۔کوریا کی جامعات میں داخلے میں کورین زبان پر دسترس لازمی ہے جس کے لئے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز اور انٹرنیشنل انٹر چینج ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کوریا کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے کی یاداشت پر دستخط بھی کئے گئے جس کے مطابق ادارہ ہذا بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجنٹ سائنسزکو کورین یونیورسٹی میں بلوچستان کے طلباء کے داخلے،ویزہ کی فراہمی اور وظائف میں معاونت فراہم کرے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں کورین تعلیم اور ثقافتی ہم آہنگی کے لئے مشترکہ سرگرمیوں کے آغاز بھی کیا جائے گا جس سے دونوں ممالک کے مابین علمی و تحقیقی روابط کو فروغ حاصل ہو گا۔


