غیرملکی الیکٹرانکس کمپنی پر توہین صحابہ کا الزام، پریڈی میں ہنگامہ آرائی، جلائو گھیرائو
کراچی (انتخاب نیوز) پریڈی کے علاقے میں اسٹار سٹی مال پر غیرملکی الیکٹرانکس کمپنی کی جانب سے نصب وائی فائی ڈیوائس پر توہین صحابہ پر مبنی کلمات چلنے پر شدید اشتعال پھیل گیا۔مشتعل افراد نے سام سنگ کمپنی کے بورڈ اکھاڑ کر جلا ڈالے، ہنگامہ آرائی کے دوران صدر موبائل مارکیٹ اور اطراف کی مارکیٹیں بند ہوگئیں، مشتعل افراد کی ایم اے جناح روڈ بند کرنے کی کوشش پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا، مشتعل افراد کی جانب سے موبائل مارکیٹ میں دکانوں کے کائونٹرز پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔پریڈی تھانے کی حدود ایم اے جناح روڈ پر واقع اماں ٹاور کے قریب سام سنگ نامی کمپنی کی جانب سے نصب کردہ وائی فائی ڈیوائس پر توہین صحابہ پر مبنی کلمات چلنے پر لوگ مشتعل ہوگئے اور تھوڑی دیر میں رش بڑھتے بڑھتے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے، مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی اطلاع ملنے پر پہنچ گئے اور موبائل مارکیٹ کے اطراف لگے سام سنگ کمپنی کے تمام بل بورڈ، سائن بورڈ اکھاڑ کر سڑک پر رکھ کر انہیں نذر آتش کردیا، کئی مشتعل نوجوانوں نے بل بورڈ ز پر ڈنڈے برسا کر غم وغصے کے اظہار کیا، اس موقع پر مشتعل افراد کمپنی کےخلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے، ہنگامہ آرائی کے دوران موبائل مارکیٹ میں شدید بھگدڑ مچ گئی، مارکیٹ کے کائونٹرز پر بھی مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی، ہنگامہ آرائی پھیلتے ہی آناً فاناً پوری مارکیٹ اور اطراف کی دکانیں بند ہوگئیں، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی، مشتعل افراد نے ایم اے جناح روڈ کو گارڈن سگنل کے قریب بند کرنے کی کوشش بھی کی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام وائی فائی ڈیوائسز بند کروا دیں اور شک کی بنیاد پر کمپنی کے آفس اسٹاف سمیت 27 افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق معاملے کی انکوائری کے لئے ایس پی صدر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہےجو بھی لوگ صحابہ کرام کی توہین کے مرتکب ہوئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس اس سلسلے میں مقدمہ درج کرنے کی تیاری میں مصروف جبکہ حالات کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔


