ریلوے نے عید پر مسافروں کو انتظار کی سولی پر چڑھا دیا، ٹرینوں کا شیڈول شدید متاثر
کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان ریلوے نے عید الاضحی پر مسافروں کو انتظار کی سولی پر چڑھا دیا، کراچی، کوئٹہ اور لاہور کے درمیان چلنے والی نان اسٹاپ ٹرینوں سمیت مسافر ٹرینوں کی آمدورفت کا شیڈول بری طرح متاثر ہوگیا جس کے نتیجے میں مسافر ٹرینیں مقررہ اوقات کار سے 3 سے 7 گھنٹوں کی تاخیر کا شکارہورہی ہیں جس سے مسافروں کو شدید پریشانی اوراذیت کا سامنا ہے، ریلوے حکام کی جانب سے مسافروں کی مشکلات کے ازالے اور ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیرکے خاتمہ کے لیے اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے عید الاضحی پرمسافروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، کراچی سے اندرون ملک مسافر ٹرینوں کی روانگی دو سے 4 گھنٹے تاخیرکا شکارہورہی ہیں، منگل کوکراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس 3 گھنٹے سے زائد، پشاور روانگی کے لئے عوامی ایکسپریس ایک گھنٹہ 45 منٹ،پشاور روانہ ہونے والی رحمن بابا ایکسپریس دو گھنٹے چالیس منٹ، کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس بھی ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے کراچی سے روانہ ہوئی ، اندرون ملک سے کراچی آنے والی نان اسٹاپ سمیت تمام مسافر ٹرینیں بھی 3 سے چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں، پرائیویٹ بہائو الدین ذکریا ایکسپریس 3 گھنٹے 40 منٹ ،نان اسٹاپ کراچی ایکسپریس تیزگام، گرین لائن، سرسید ایکسپریس سمیت دیگر مختلف ٹرینیں 3 سے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں، دوران سفر گھنٹوں تاخیر کے باعث مسافر اذیت کا شکار ہوگئے، مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت بروقت بنانے کے لئے ریلوے حکام کے تمام تر اعلانات دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، مسافروں نے وفاقی وزیرریلوے سے ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مسافروں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، مسافر ٹرینوں کی بروقت روانگی کے لئے ریلوے انتظامیہ کراچی کوئی اقدامات نہیں اٹھا سکی ہے ،ریلوے حکام کی لاپرواہی کی سزا مسافر بھگتنے پر مجبورکردیے گئے ہیں اورٹرینوں کی آمدورفت میں گذشتہ 5 روز سےگھنٹوں تاخیر کا ریلوے حکام نے کوئی نوٹس ہی نہیں نہیں لیاہے۔


