ملائیشیا کے ساتھ کورونا ویکسین کی تیاری کا منصوبہ بنا رہے ہیں،ترک صدر
انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم ملائیشیا کے ساتھ مل کرکورونا ویکسین کی تیاری کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ترک میڈیا کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے یہ بات انقرہ میں ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔کانفرنس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان دفاعی صنعت،صنعت و ٹیکنالوجی،صحت،مواصلات اور میڈیا سمیت 7 شعبوں میں معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے،کورونا وائرس کے خلاف مقامی ویکسین ترکو واک کے ملائیشیا میں استعمال اور اس سے متعلقہ ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت مشترکہ ویکسین کی تیاری کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے عالم اسلام کو در پیش مسائل بالخصوص روہنگیا مسلمانوں اور اسلام دشمنی کا جائزہ لیا ہے،اسلامی تعاون تنظیم اور ڈی 8 جیسے پلیٹ فارمز پر ہمیں یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا اور ہمیں باہمی قومی و معاشی مفادات کی مشترکہ تقسیم کے تحت ایشیا کے تمام برادر ممالک سے تعاون کو بڑھانے کی کوشش کرنی چاہئے۔


