خضدار، مسلح ڈاکو ؤں کی قومی شاہراہ پر لوٹ مار، 4 موٹرسائیکلیں، موبائل اور لاکھوں روپے لے کر فرار
خضدار (انتخاب نیوز) خضدار میں قومی شاہراہ پر بی آر سی کے قریب محنت کش و کاروباری افراد کو مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، چھ افراد سے چار موٹرسائیکل ان کے تمام موبائل اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈاکوں کو اتنی تسلی تھی کہ وہ ایک موٹرسائیکل چھین کر اسے ٹھکانے پر پہنچاتے اور پھر دوسری موٹرسائیکل اور شہریوں کو لوٹنے آجاتے یہ رہزنی کا دورانیہ صبح سویرے ساڑھے پانچ سے ساڑھے چھ بجے تک جاری رہا۔ قومی شاہراہ پر قائم دو ہوٹلوں کے درمیان سبزی منڈی جانے والوں کو ڈاکوں لوٹتے رہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح رہزن ہنڈا موٹرسائیکل پر آئے تھے اور وہ کلاشنکوف سے لیس تھے۔ جن کو لوٹا گیا ہے ان میں درج ذیل افراد شامل ہیں۔نور بخش سے ڈیڈھ لاکھ روپے ان کا موبائل اور موٹرسائیکل،سلیم،غلام محمد،اور عبدالوحد سے ان کے موٹرسائیکل پیسے اور موبائل جب کہ ان کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھے دیگر افراد کو بھی لوٹا گیاہے، یہ سب افراد کاروبار کرنے سبزی منڈی جارہے تھے۔دریں اثنا جھالاوان سبزی منڈی فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن خضدار کے صدر حا جی علی حسن محمد حسنی، جنرل سیکرٹری چیف حاجی محمد نور زہری نے ڈکیتی کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ واقعات روز ہورہے ہیں، پولیس عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، چوری اور ڈکیتی کے واقعات کے بعد ہم احتجاج کا شیڈول دے رہے ہیں اور مجبوراً روڈ بلاک کریں گے۔


