نوشکی میں سرحدی علاقوں سے تیل حاصل کرنے کا موقع دیا جائے، آل پارٹیز کا مطالبہ

نوشکی (انتخاب نیوز) آل پارٹیز میں شامل سیاسی جماعتوں کی مقامی قیادت جن میں بی این پی کے میر خورشید جمالدینی، جمعیت علمااسلام کے مولانا منظور احمد مینگل، پاکستان پیپلز پارٹی کے ابراہیم بلوچ، امیر جماعت اسلامی حافظ مطیع الرحمن مینگل، نیشنل پارٹی کے ربنواز شاہ، بی این پی عوامی کے میر ایوب بادینی، جمعیت علما اسلام نظریاتی کے مفتی فدا الرحمن ریکی، جے یو آئی کے سیکرٹری اطلاعات حافظ عبداللہ گورگیج، مسلم لیگ ن کے صدر سردار عبدالغفار ساسولی نے نوشکی میں جاری تیل کے بحران قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور تیل کی قلت سے متعلق افضل المدارس میں اجلاس منعقد کیا گیا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی حافظ مطیع الرحمن مینگل نے کی۔ اجلاس میں نوشکی میں تیل کے بحران سے متعلق تیل کمیٹی کے نمائندوں سے اصل صورتحال ان کے مسائل معلوم کیئے۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین نے تیل کمیٹی کو عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیئے ہر ممکن اقدامات کی تلقین کی۔ سیاسی قیادت نے ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو نوشکی میں تیل کے بحران، قیمتوں میں بے تحاشا اضافے سے آگاہ کرتے ہوئے عوام کو فوری ریلف دینے، تیل کے کاروبار سے منسلک لوگوں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیئے اقدامت کرنے کی درخواست کی۔ مقامی سیاسی قیادت نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں کمانڈنٹ نوشکی ملیشیا کرنل وقاص سے ملاقات کی۔ میٹنگ میں نوشکی کے عوام کو تیل کے بحران سے پیدا ہونے والے مسائل، مشکلات، پریشانیوں اور تیل کے کاروبار سے منسلک لوگوں کے مسائل سے آگاہ کیا کہ نوشکی کے راستے بیک اور بڑی گاڑیوں کے ذریعے تیل کوئٹہ و دیگر علاقوں کو لے جانے پر فوری پابندی عائد کرنے، کوئٹہ و دیگر علاقے کی چھوٹی گاڑیوں کو دالبندین و دیگر علاقوں کے بجائے نوشکی سے تیل لیجانے کا پابند کیا جائے۔ نوشکی میں تیل ذخیرہ کرکے بلیک میں زیادہ قیمت پر فروخت پر پابندی لگائی جائے۔ نوشکی کی گاڑیوں کو ماشکیل و سرحدی علاقوں سے تیل حاصل کرنے کے لیئے موقع دیا جائے۔ نوشکی کے عوام و نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع دیئے جائیں۔ گزنلی زیرو پوائنٹ کو کھولنے کے لیئے اقدامات کیئے جائیں۔ کمانڈنٹ نوشکی ملیشیا کرنل محمد وقاص نے سیاسی جماعتوں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مطالبات جائز اور حل طلب ہیں۔ تیل کے بحران کو ختم کرنے کے لیئے فوری طور پر بڑی گاڑیوں پر پابندی عائد کرینگے۔ سول انتظامیہ اور کمشنر کی کوآرڈینیشن سے نوشکی کے تیل کے کاروبار سے منسلک افراد کو دالبندین ماشکیل و سرحدی علاقوں سے تیل لانے کا موقع دینے کے لیئے اقدامات کرینگے۔ انہوں نے نوشکی کے عوام کو خوشخبری دی کہ نوشکی کی سیاسی جماعتوں کی ریوو کمیٹی کے میں دی گئی تجویز پر نوشکی پچاس ایکڑ پر ایک فنی تربیتی ادارہ بنانے کی منظوری دیدی گئی ہے جس پر بہت جلد کام کا آغاز ہوگا۔ نوجوانوں کو ان کی دہلیز پر فنی ٹیکنیکل تربیت کا موقع ملے گا جس سے وہ باآسانی روزگار حاصل کرسکیں گے۔ سیاسی جماعتوں کے وفد میں شامل قیادت نے کمانڈنٹ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ نوشکی کے عوام کو تیل کے بحران سے نکالنے کے لیئے اقدامات کیئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں