دشمن قوتیں ہمارے درمیان نفاق پیدا کرنا چاہتی ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قبائلی تنازعات کا پر امن حل اور ہم آہنگی کا قیام ضروری ہے حکومت قبائلی تنازعات کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی و سیاسی رہنما سابق نگران صوبائی وزیر ملک عنایت اللہ کاسی کی جانب سے دیے گیے عشائیہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا صوبائی وزراء عبدالرشید بلوچ زمرک خان اچکزئی اراکین صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی ثناء بلوچ سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک اور قبائلی معتبرین نے بھی عشائیہ میں شرکت کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ باہمی عزت و احترام برداشت اور تحمل بلوچستان کی دیرینہ روایات کا خاصہ اور ہماری شناخت ہیں اس حوالے سے بلوچستان ایک منفرد خطہ ہے ہم نے اپنی اس شناخت کو ہر صورت برقرار رکھنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائل کے درمیان ہم آہنگی برقرار رکھنے اور چھوٹے بڑے تنازعات کے حل کے لیے تما م اقوام و قبائل کے عمائدین پر بھی بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے اس ضمن میں صوبائی حکومت بھی بھرپور معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں دیرپا اور مستحکم بنیادوں پر امن قائم کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے قبائلی عمائدین سیاسی و سماجی رہنماؤں اور معاشرے کے تمام حلقوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور بلوچستان کو ایک مرتبہ پھر سے امن کا گہوارہ بنائیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اس حقیقت کا ادراک کرنا ہو گا کہ ہمیں درپیش بیشتر مسائل کی وجہ امن کی خرابی ہے ملک و امن دشمن قوتیں اپنے مزموم مقاصد کے حصول کے لیے ہمارے درمیان نفاق پیدا کرنا چاہتی ہیں اس سازش کو ہم نے باہمی اتفاق و اتحاد سے ناکام بنانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں