لاپتہ افراد کیلئے پارلیمنٹ میں آوازاٹھانیوالے وزارتیں ملنے پر کیوں خاموش ہیں، ہدایت الرحمن
کوئٹہ (انتخاب نیوز) حق دو تحریک کے قائد،جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ گوادر کے عوام کو جائز حقوق دلاکر رہیں گے حق دوتحریک سے وعدے کرنے والوں کو مجبور کریں گے کہ ہم سے کیے گیے معاہدے پر ہر صورت عمل درآمد کرنا ہوگا گوادر کے وسائل پر سب سے پہلے حق مقامی لوگوں کاہے ہمارے جگرگوشے لاپتہ ہوں اور ہم خاموش رہیں یہ ناممکن ہے لاپتہ افراد کیلئے پارلیمنٹ میں آوازاٹھانے والے وزارتیں ملنے پر کیوں خاموش ہوئے ہم حکومت میں ہے یا اپوزیشن میں مظلوم کی تواناآوازحق دوتحریک بنے گی جماعت اسلامی مظلوموں کیساتھ اورظالمو ں کے خلاف ہے۔ چیک پوسٹوں،ساحل سمندر اور بارڈرزپر بھتہ خوری مزید نہیں چلنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دورہ کوئٹہ کے دوران تقریب ونوجوانوں کے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسزوحکومتی ادارے عوام کی حفاظت کے نام پر تضہیک تذلیل نہ کریں ہم انسان اور سیکورٹی فورسزوالے ہمارے ٹیکسز سے تنخواہ لیتے ہیں اپنا رویہ ٹھیک کریں بصورت دیگر عوامی غیض وغضب کاشکار ہوں گے ان کے رویے،کردار وظلم کی وجہ سے عوام میں غم وغصہ پایا جاتاہے۔ گوادرمکران کے مسائل کے حل کیلئے ہرقربانی دینے کیلئے تیار ہے ہم جمہوری اورمحب وطن ہیں ہماراپاکستان سے نہیں حکمرانوں اور مقتدرقوتوں سے جھگڑاہے۔حکمران ہمیں ردعمل پر ابھار رہے ہیں۔ سی پیک سٹی گوادر کے حوالے سے حکومتی دعوے سرمایہ داروں کے تحفظ کیلئے ہیں گوادر مکران کے معصوم عوام کو پینے کا پانی،بجلی اورماہی گیروں وعوام کو روزگار تک میسر نہیں۔حکومت اعلانات ودعوؤں کے بجائے عملی کام کریں حکمرانوں کی ترجیحات عوام نہیں کچھ اور ہیں۔حکومت عام عوام کی فلاح وبہبوداورترقی کیلئے کام کریں جماعت اسلامی عوامی مسائل کو اجاگر اورحل کیلئے ہر فورم پرآوازبلند کر رہی ہے۔ حکومت واپوزیشن کی بے حسی،بدعنوانی وغفلت کی وجہ سے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے۔سلگتے دیرینہ مسائل کے ذمہ دارحکومت واپوزیشن وفاق وصوبائی حکومتیں ہیں۔موجودہ بدترین مہنگائی نے غریب عوام کے مسائل میں دوچند اضافہ کر دیا غریب عوام تعلیم وصحت کے بجائے دو وقت کے کھانے کیلئے پریشان ہیں۔موجودہ حکومت کے سب سے بڑے تحفے بدترین مہنگائی،بے روزگاری،بھاری سودی قرضے ہیں۔حکمران عوام سے کیے گیے وعدوں پر عمل کریں تو آدھے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔پاکستانی حکمرانوں کی لوٹ مار،امریکی وآئی ایم ایف غلامی،بے حسی وغفلت کی وجہ سے بے روزگاری،مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہیں سفارش،اقربا پروری وبدعنوانی کے دور میں اہل پڑھے لکھے نوجوانوں کی ڈگریاں ردی کا ٹکڑے بن گئیں۔ موجودہ حکومت نے بے روزگاری میں دو سو فیصد اضافہ ہوا۔ لاکھوں نوجوان ڈگریاں اٹھائے روزی کی تلاش میں گھوم رہے ہیں۔ تاجر، کسان، مزدورسمیت نوجوان،طلبا اور ہرطبقہ مستقبل کے بارے میں بہت پریشان ہیں۔ موجودہ حکمران بے روزگاری و مہنگائی کی ذمہ داری پچھلی حکومتوں پر ڈا ل کر خود خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔جماعت اسلامی مہنگائی بے روزگاری وسودی نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔


