نیو ٹائون، درخشاں میں تاجر کے بیٹے سمیت دو افراد قتل، خاتون سمیت دو افراد اندھی گولیوں کا نشانہ بن گئے
کراچی (انتخاب نیوز) نیو ٹائون میں تاجر کے بیٹے کو فلیٹ کے اندر قتل کردیا گیا. درخشاں میں ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کی جان لے لی گئی. پیر آباد اور نارتھ ناظم آباد میں خاتون سمیت دو افراد اندھی گولیوں کا نشانہ بن گئے. واقعات کے مطابق نیو ٹائون کے علاقے شرف آباد نور میڈیکل سینٹر کے قریب فلیٹ نمبر 3/36سے 42 سالہ رضوان سوریا ولد مصطفیٰ سوریا کی خون میں لت پت لاش برآمد ہوئی، مقتول کو کندھے اور سینے پر خنجر کے وار لگے تھے جبکہ اس کا گلا بھی کاٹا گیا تھا. معلوم ہوا ہے کہ مقتول کے والد ٹائروں کے تاجر ہیں جن کی خداداد کالونی میں دکان ہے.مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی.پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ظاہر ہوتا ہے تاہم پولیس قتل کی وجوہات جاننے کے لئے کوشاں ہے.دریں اثناء درخشاں کے علاقے میں ڈیفنس اسٹریٹ نمبر 36 کلاک ٹاور کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 42 سالہ محمد رفیق ولد علی احمد جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی. قبل ازیں پیر آباد کے علاقے قصبہ اسلامیہ کالونی نمبر2کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنےوالی گولی لگنے سے 60سالہ یاقوت جہاں زوجہ درویش زخمی ہوگئی. نارتھ ناظم آباد بلاک D میں حسن زئی ہوٹل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنےسے 45سالہ یعقوب ولد بہرام زخمی ہوگیا.مزید برآں گلستان جوہر کے علاقے بلاک 6 میں پولیس نے مقابلے کے دوران رانا ذیشان ولد محمد اکرم نامی زخمی ملزم کو ساتھی شہزاد ولد سرفراز سمیت گرفتار کرلیا، ملزمان سے دو پستول، دو مسروقہ موبائل فون، تین لاکھ روپے نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی.


