کوہلو، محکمہ امور حیوانات کے ڈیری فارم میں جانوروں کی حالت بدتر

کوہلو (انتخاب نیوز) محکمہ امور حیوانات کی جانب سے قائم ڈیری فارم میں جانوروں کی حالت بدترہوگئی،غیر معیاری اور خوراک کی عدم فراہمی کے باعث گزشتہ تین ماہ کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے نصف درجن کے قریب جانور ہلاک ہوگئے۔عوامی حلقوں نے سیکرٹری لائیواسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق کوہلو میں محکمہ امور حیوانات و ڈیری ڈویلپمنٹ کے قائم سرکاری ڈیری فارم میں ایک درجن کے قریب گائے موجود ہیں جس سے دودھ فروخت کرکے محکمہ کے لئے ریوینیو اکھٹا کیا جاتا ہے،ڈیری فارم میں موجودجانوروں میں سے بیشتر کی حالت ناقص خوراک اور عدم فراہمی کے باعث بدتر ہوگئی ہے سرکاری ڈیری فارم میں موجود گائے لاغر اور کمزوری کے باعث پاں پر کھڑا ہونے سے قاصر ہیں دوسری جانب ہر سال سرکاری کی جانب سے ڈیری فارم میں جانوروں کے خوراک اور چارہ کے لئے ماہانہ لاکھوں روپے کے ٹینڈرز کئے جاتے ہیں سپرینڈنٹ ڈیری فارم کی ملی بھگت سے خوراک کا ٹھیکہ من پسند ٹھیکیدار کو دیا جارہا ہے جس سے دیری فارم کی حالت روز بروز خراب ہوتی جارہی ہے اور ٹھیکیدار کی جانب سے جانوروں کو غیر معیاری خوراک فراہم کی جارہی ہے۔دوسری جانب ڈیری فارم کی عمارت خستہ حال ہوچکی ہے اورگزشتہ کئی دہائیوں سے عمارت کی مرمت نہ ہوسکی عمارت کے مرمت کی مد میں فراہم کی گئی رقم بھی بے ضابطگیوں کا شکارہوا ہے۔12مئی کو سیکرٹری امور حیوانات کے جاری ایک لیٹر میں محکمے کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا گیا اور متعلقہ ڈی جی سے محکمے کی خراب صورتحال پر چھان بین کی ہدایت کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں