بیلہ میں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کی طویل بندش، پانی کی شدید قلت
بیلہ (انتخاب نیوز) بجلی کی طویل بندش، پینے کے پانی کی شدید قلت، صورتحال گمبھیر ہوگئی، کے الیکٹرک بجلی بحال کرنے میں ناکام، شہریوں کو اذیت اور مشکلات کا سامنا۔ بیلہ میں پچھلے ایک ہفتے سے بجلی کے طویل بریک ڈاؤن نے شہریوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے، بجلی کی بندش کے سبب شہر اور گرد و نواح میں پینے کے پانی کی قلت نے شدت اختیار کرلی ہے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ ہفتہ کے روز معروف قبائلی شخصیت میر اورنگزیب مینگل نے اپنے ذاتی ہیوی جنریٹر کے ذریعے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے واٹر بور سے شہریوں کو عارضی اور ہنگامی طور پر پینے کے پانی کی فراہمی ممکن بنائی عوامی حلقوں نے بجلی کے طویل بریک ڈان اور کے الیکٹرک کے افسران کی چشم پوشی کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام بجلی کی عدم فراہمی کے باعث سخت مشکلات اور اذیت کا شکار ہیں اور کے الیکٹرک کے افسران خواب خرگوش میں مبتلا ہیں عوامی حلقوں نے بجلی کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔


