کشمیر میں بھارتی ظلم پر عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے، مولانا واسع

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن ترقی و خوشحالی نہیں چاہتا اس لئے کشمیر میں سازش کے تحت مقبوضہ وادی میں عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا ہے بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی مضبوط ہو چکی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین ہونے کے باوجود بین الاقوامی برادری کی بھارتی ظلم پر خاموشی اور اخلاقیات کا مخصوص درس قابل مذمت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے آرٹیکل370اور 35اے میں تبدیلی کرکیاقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو پامال کیا، تین سال گزر چکے لیکن مقبوضہ وادی کے عوام تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اپنے چارٹر پرعملدرآمد کرا کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کرائے، یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام قید و نظربند حریت پسندوں کو رہا کیا جائے۔بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال 3سال میں سنگین طور پر ابتر ہوئی ہے، کشمیری عوام ابھی تک فوجی محاصرے میں ہیں لیکن کشمیری عوام نے جرات اور دلیری سے بھارتی مظالم کی مہم کو ناکام بنایا ہے۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ پاکستان نے کشمیریوں کے جائز مقصد کے حصول کے لیے ان کی ہر ممکن مدد کی ہے، پاکستان ان کشمیریوں کی آواز بنا رہے گا جن کی قربانیاں اس وقت بھی جاری ہیں، ہم ان کے جائز حقوق کے مکمل حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ مقبوضہ کشمیر کے پرامن حل میں ہی ہے جس کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں