بلوچستان بھر میں یوم عاشورپر سیکورٹی کے سخت انتظامات، جلوس کے راستے سیل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں یوم عاشورہ منایا جائیگا، یوم عاشور کے جلوس کے تمام راستے سیل کردئیے گئے، سیکورٹی پر پانچ ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات ہونگے، موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس معطل رہیں گی۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں آج یوم عاشور منایا جائیگا، کوئٹہ میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس آج صبح پونے 9 بجے چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوکر روایتی راستوں علمدار روڈ، طوغی روڈ، میزان چوک، لیاقت بازار، جنکشن چوک، پرنس روڈ، میکا نگی روڈ، نور یاسین گلی سے ہوتا ہوا علمدار روڈ پر ختم ہوگا۔ یوم عاشور کے روز سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جلوس کی سیکورٹی پر پولیس کے 4915اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ ایف سی بھی فرائض سرانجام دیگی۔ جلوس کی سی سی ٹی وی اور فضائی نگرانی کی جائیگی کوئٹہ میں قائم کل 57امام بارگاہوں اور 20تکیہ خانوں میں سے 24کو انتہائی حساس، 23کو حساس، 30کو نارمل قرار دیا گیا ہے،10محرم الحرام کے موقع پر فوج کی تین بٹالین بھی اسٹینڈ بائی رہیں گی جبکہ کوئٹہ، اوستہ محمد، گنداوا سمیت دیگر علاقو ں میں موبائل فون اور وائر لیس انٹر نیٹ سروس معطل رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں