بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں فوجی کیمپ پر حملہ، 3 فوجی ہلاک،2زخمی

سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک فوجی کیمپ پر حملے میں 3بھارتی فوجی اور 2عسکریت پسند ہلاک جبکہ 2فوجی زخمی ہوگئے۔ جمعرات کو پولیس کے مطابق یہ حملہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر شہر سے تقریباً 190 کلومیٹر جنوب مغرب میں راجوری ضلع کے درہل علاقے میں ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ صبح کے وقت بھاری ہتھیاروں سے لیس دوعسکریت پسندوں نے کیمپ پر دھاوا بولا اوروہاں موجود افراد کو نشانہ بناتے ہوئے شدید فائرنگ کی۔ پولیس نے بتایا کہ کیمپ کی حفاظت کرنے والے فوجیوں نے حملے کو پسپا کرنے کی کوشش کی اور جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سینئر پولیس افسر مکیش سنگھ نے میڈیا کو بتایا، کسی نے صبح سویرے راجوری ضلع کے درہل علاقے میں فوجی کیمپ کی باڑ کو عبور کرنے کی کوشش کی۔ ڈیوٹی پر موجود جوانوں نے انہیں للکارا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حملے کے بعد حکومتی فورسز نے عسکریت پسندوں کا مقابلہ کرنے کے لیے علاقے میں کمک بھیجی۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ "حملے میں تین بھارتی فوجی ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوئے۔ دو حملہ آوروں کو بھی بے اثر کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا ہے، تاہم سرچ آپریشن جاری ہے۔ حملہ 15 اگست کو ہونے والے بھارت کے یوم آزادی کی تقریب سے کچھ دن پہلے ہوا ہے۔ حکام نے پہلے ہی خطے میں حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں