بلوچستان بھر میں 14 اگست سادگی سے منایا جائیگا، وزیراعلیٰ قدوس بزنجو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے 14 اگست کی تقریبات سادہ انداز میں منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں ملک کی 75 ویں سالگرہ سادہ طریقے سے منائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت صوبہ شدید بارشوں کے باعث مشکلات کا شکار ہے، لاکھوں متاثرین کو حکومت اور معاشرے کے مخیر حضرات کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت متاثرین کی امداد و بحالی کے لیئے تمام دستیاب وسائل برے کار لا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہم ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہونے والی اموات کے غم سے ابھی تک باہر نہیں نکل سکے ہیں۔ متاثرین سیلاب اور جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر 14 اگست کی تقریبات سادگی کے ساتھ منائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 14 اگست کو حکومتی سطح پر منعقد تقریبات کے اخراجات امداد و بحالی کی سرگرمیوں پر خرچ کیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی اسمبلی کے سبزہ زار پر منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب میں چائے اور مشروبات پیش کرنے کی بھی ممانعت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں